ممبئی،17؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستانی حکومت نے ملائیشیا میں مقیم اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر پابندی میں مزید پانچ سال کی توسیع کر دی ہے- یہ کارروائی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آرایف) پر غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے کی گئی ہے- فاؤنڈیشن کو پہلی بار17نومبر2016کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ایک غیر قانونی تنظیم قرار دیا گیا تھا-منگل کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ آئی آر ایف ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے جو ملک کی سلامتی کیلئے نقصان دہ ہیں - اس کے ساتھ یہ تنظیم امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑ سکتی ہے-وزارت داخلہ نے کہا کہ نائک کے بیانات اور ان کی تقریریں قابل اعتراض ہیں،وہ اپنی تقاریر کے ذریعے مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی اور نفرت کو فروغ دے رہا ہے- نائک ایک مخصوص مذہب کے نوجوانوں کو ہندوستان اور بیرون ملک دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے ترغیب دے رہا ہے-وزارت داخلہ نے کہا کہ ان تمام پہلوؤں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس نے یو اے پی اے کے تحت آئی آر ایف پر پابندی کو مزید پانچ سال تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے-